2 جون 2013 - 19:30
زرداری کا دعوی، ڈرون حملوں پر کوئی معاہدہ نہیں

صدر آصف زرداری کا کہنا ہے کہ ان کی حکومت نے ڈرون حملوں پر کوئی معاہدہ نہیں کیا، اگر آپ نے ڈرون گرا دیا تو پھر کیا کریں گے۔

ابنا:اسلام آباد میں سینیئر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت آصف علی زرداری نے ڈرون حملوں کے بارے سوال کے ایک جواب میں کہا معاہدہ پرویز مشرف نے کیا ہو ان کی نظروں سے نہیں گزرا، ان کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے بارے میں فیصلہ اب نواز شریف نے کرنا ہے اور انہیں ہی دوسروں سے رابطہ بھی کرنا ہوگا۔ پرویز مشرف کی معافی کے حوالے سے صدر زرداری کا کہنا تھا کہ معافی کی درخواست آئی تو بحثیت صدر وہ عمل کے پابند ہوں گے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگلا صدارتی امیدوار بننے کا کوئی جواز نہیں، اپوزیشن کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ نواز لیگ کے خلاف تعمیری اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔ کراچی کی ابتر صورت حال سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے صدر نے کہا کراچی کے حالات خراب کرنے میں غیر ریاستی عناصر کا عمل دخل ہے، صدر کا کہنا تھا کہ ان کے نزدیک سوئس کیسز کی کوئی اہمیت نہیں۔
دیگر ذرائع کے مطابق صدر آصف علی زرداری کا کہنا ہے کہ کہ بطور صدر انتقال اقتدار پر بہت خوش ہیں، جمہوریت کے لیے صرف میاں نواز شریف نے ہی نہیں تمام جماعتوں نے ساتھ دیا، اگلی مدت کے لیے صدارتی انتخاب لڑنے کا حق نہیں بنتا۔ کراچی میں صحافیوں کے پینل کو انٹرویو دیتے ہوئے صدر آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ جمہوریت کے لیے صرف میاں نواز شریف نے ہی نہیں تمام جماعتوں نے ساتھ دیا۔ ایک سوال کے جواب میں صدر زرداری کا کہنا تھا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ اگلی مدت کے لیے صدارتی انتخاب میں حصہ لینے کا ان کا حق بنتا ہے، اگر پارٹی نے ضروری سمجھا تو قیادت کریں گے نہیں تو ایک ورکر بن کر کام کریں گے۔ این آر او اور سوئس کیسز پر بات کرتے ہوئے صدر کا کہنا تھا کہ یہ وہی مقدمات ہیں جن میں وہ 8سال سزا کاٹ چکے ہیں، یہ متنازع معاملہ ہے جس کی ان کی نظر میں کوئی اہمیت نہیں۔ بلوچستان کے معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے صدر زرداری نے کہا کہ حکومت نے ان کے لیے بہت کچھ کیا، بلوچوں نے خود کچھ نہیں کیا۔ طالبان سے مذاکرات کے بارے میں صدر زرداری نے کہا کہ پہلے یہ نشاندہی کرلی جائے کہ کون سیاسی ہے کون نہیں، کیونکہ ملی ٹینٹ بات چیت نہیں کرتا۔ ڈرون حملوں کے بارے میں امریکہ سے مبینہ معاہدے پر صدر کا کہنا تھا کہ ایسا معاہدہ ان کی حکومت نے نہیں کیا، جنرل مشرف نے کیا ہو تو ان کی نظر سے نہیں گزرا۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
۲۴۲